ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ کو میٹرو کی سہولت فراہم ہونا مشکل مسافروں سے صارف فیس وصول کرنے کی تجویز ایرپورٹ اتھارٹی نے مسترد کردی

کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ کو میٹرو کی سہولت فراہم ہونا مشکل مسافروں سے صارف فیس وصول کرنے کی تجویز ایرپورٹ اتھارٹی نے مسترد کردی

Thu, 02 Aug 2018 11:12:02    S.O. News Service

بنگلورو،2؍ اگست (ایس او  نیوز) کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ سے جوڑنے والے میٹرو منصوبے کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مسافروں سے ایک ہزار کروڑ روپئے صارف فیس وصول کرنے کے متعلق بنگلورو میٹرو ریل کارپوریشن (بی ایم آر سی ایل ) کی طرف سے پیش کی گئی تجویز کو انڈین ایرپورٹس فائنانس کنٹرول اتھارٹی نے مسترد کردیا ہے ۔

باوثوق ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق 5,950 کروڑ روپیوں کے اخراجات والے اس منصوبے کے لئے مرکزی حکومت نے 500 کروڑ روپئے ، ریاستی حکومت 1,250 کروڑ ، طویل مدتی قرضے سے 3,200 کروڑ اور بنگلورو انٹرنیشنل ایرپورٹ لمیٹڈ (بی آئی اے ایل) نے ایک ہزار کروڑ روپئے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ ایرپورٹ پر دو میٹرو اسٹیشن تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ میٹرو سے ہوائی جہاز کا سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے جس کے سبب بی آئی اے ایل ایک ہزار کروڑ روپئے فراہم کرنے پر راضی ہوگیا تھا اور اس رقم کو ٹکٹ میں صارف فیس کے طور پر وصول کرنے بی ایم آر سی ایل نے ایرپورٹ اتھارٹی کو تجویز پیش کی تھی جسے اتھارٹی نے مسترد کردیا ہے ۔ جس کے سبب ایک ہزار کروڑ روپیوں کے لئے بی ایم آر سی ایل سے ہی سرمایہ حاصل کرنے یا کسی دوسرے ذرائع سے قرضہ حاصل کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق ممبئی اور دہلی ایرپورٹ پر میٹرو کو منسلک کرنے کیلئے مسافروں کو ٹکٹ سے ہی یو ڈی ایف عائد کیا گیا ہے ۔ بی ایم آر سی ایل نے بنگلورو میں بھی اسی طریقہ کو استعمال کرنے کے متعلق اتھارٹی کو تجویز پیش کی تھی لیکن مہاراشٹرا میں وہاں کے عوامی نمائندوں نے اس کی سخت مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ میٹرو کی سہولت فراہم کرنے سے قبل ہی مسافروں سے فیس وصول کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے ۔

کرناٹک انٹرنیشنل ایرپورٹ میں ملک کے اندر سفر کرنے والے مسافروں سے 384 روپئے اور بیرونی ممالک کا سفر کرنے والوں پر 1,500 روپئے یو ڈی ایف عائد کیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی میٹرو کے لئے مسافروں پر 60 روپئے اور 80روپیوں کا افزود بوجھ ڈالنا مناسب نہیں ہے ۔ ان تمام باتوں پر غور کرنے کے بعد ہی اتھارٹی نے قانون میں ترمیم کی ہے ۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جاریہ قانون کے مطابق سرویس فراہم کرنے سے قبل ہی یو ڈی ایف عائد کرنا ممکن نہیں ہے ۔ 


Share: